مظفرگڑھ، پولیوکے مکمل خاتمے کیلئے ہر طبقہ فکر کو مثبت کردار ادا کرنا ہے، ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 18 فروری2020ء) ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ ملک سے پولیوکے مرض کے مکمل خاتمے کیلئے ہر طبقہ فکر کے افراد کو اپنا اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے، عام آدمی میں دوقطرے ویکسین کی اہمیت کا شعور بیدار کرنا ہے، جب تک ہم میں احساس ذمہ داری پیدا نہیں ہو گا مطلوبہ مقاصد حاصل نہیں کئے جاسکتے۔یہ بات انہوں نے شیر شاہ پل پر مسافر بچوں کو پولیوسے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلاتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈی پی او مظفرگڑھ سید ندیم عباس بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر 5سال تک کی عمر کے بچوں کو ویکسین کے قطرے پلا رہی ہے،انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ نہ صر ف اپنے بچوں کو ویکسین کے قطرے پلوائیں بلکہ اپنے ارد گر د، گلی محلوں اور دوسرے شہر سے آنے والے بچوں کو بھی پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں اور دوسرے والدین کو بھی اس کی ترغیب دیں۔اس موقع پر ڈی پی او سید ندیم عباس نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں ضلع کے دور دراز دیہی علاقوں، دریا کے پار بیٹ کے علاقوں میں اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں،مقامی لوگ ان سے بھر پو رتعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں کی حفاظت کے لئے پولیس کے اہلکار معمور ہیں جو اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی مہم ہے جس میں ہم سب نے اپنا اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے، اس موقع پر سی ای او صحت ڈاکٹر فیاض کریم لغاری اور محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔