مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 29 اکتوبر2021ء) پرنسپل گورنمنٹ کامرس کالج مظفرگڑھ پروفیسر اظہر حسین نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ جیسے پسماندہ علاقے کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے ای روزگار پروگرام گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، حکومت تمام تعلیم یافتہ نوجوانوں کوملازمت فراہم نہیں کرسکتی تاہم روزگار حاصل کرنے کیلئے متبادل ذرائع موجود ہیں جس کیلئے حکومت پنجاب نے ای روزگار پروگرام شروع کیا ہے تاکہ تعلیم یافتہ نوجوان اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد یہاں سے تربیت حاصل کریں اور انٹر نیٹ کے ذریعے گھر بیٹھے کام کر کے ایک معقول آمدنی حاصل کرسکیں یہ بات انہوں نے ای روزگار سے تربیت مکمل کرنے والے طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
پرنسپل کامرس کالج پروفیسر اظہر حسین نے کہا کہ ہم حکومت پنجاب کے مشکور ہیں کہ ان نے مظفرگڑھ جیسے پسماندہ علاقے کے نوجوانوں کیلئے یہاں ای روزگار سنٹر قائم کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اردگرد کے ایسے نوجوانوں کو اس کے آگاہی دیں جو اپنی تعلیم مکمل کرچکے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل منیجر عثمان سلطان نے بتایا کہ صوبہ بھر میں 42سنٹر قائم کئے گئے ہیں جہاں طلباء و طالبات کو انٹر نیٹ کے ذریعے روزگاری حاصل کرنے کی تربیت سمیت مختلف کورس سکھائے جاتے ہیں تاکہ وہ ایک اچھے روزگار کے ذریعے گھر بیٹھے ایک معقول آمدنی حاصل کرسکیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک صوبہ بھر میں 31ہزار سے زائد نوجوان ای روزگارکی تربیت مکمل کرکے 3ارب50کروڑ روپے سے زائد رقم کما چکے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز عبدالرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ کچھ کرنے کے عزم سے انسان آگے بڑھتا ہے، سچی لگن اور محنت سے کامیابی ملتی ہے، وسائل کی کمی کے باعث حکومت کیلئے تمام نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ناممکن ہے اس کیلئے نوجوانوں کو روزگار کیلئے نئی راہیں خود تلاش کرنا ہیں اس کیلئے ای روزگار ایک بہتر پلیٹ فارم ہے۔
پروگرام منیجر محمد دانیال نے بتایا کہ کیونکہ دور دراز کے علاقوں میں انٹر نیٹ کی سہولت میسر نہیں ہوتی اس لئے حکومت نے ای روزگار سنٹر قائم کئے تاکہ ایک جگہ نوجوانوں کو انٹر نیٹ سمیت دیگر سہولیات میسر ہوں اور وہ تربیت حاصل کرسکیں۔ منیجر ای روزگار مظفرگڑھ ملک تبریز نے بتایا کہ مظفرگڑھ میں 3بیج مکمل ہوچکے ہیں۔ چوتھے بیج کی تربیت جاری ہے جبکہ پانچویں بیج کے داخلے جاری ہے جو طلباء وطالبات ای روزگار کی تربیت حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ اپنی رجسٹریشن کرائیں تاکہ ان کا داخلہ ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ مظفرگڑھ سے 95طلباء و طالبات تربیت مکمل کرچکے ہیں۔ بعد ازاں تربیت مکمل کرنے والے طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔