مظفرگڑھ، نوجوان کے مبینہ قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش، مقتول کی والدہ کی درخواست پر زمیندار کے خلاف مقدمہ درج
Share
مظفرگڑھ (اُمظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 جون2020ء) نوجوان کے مبینہ قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش، مقتول کی والدہ کی درخواست پر زمیندار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو کے موضع درگ میں حسنین نامی 20 سالہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش نعیم نامی زمیندار کے گھر سے برآمد ھوئی تھی۔پولیس زرائع کے مطابق حسنین کھوکھر نامی نوجوان نعیم نامی زمیندار کے ہاں موضع درگ میں مزارع تھا، زمیندار نے کسی بات پر مشتعل ہو کر حسنین کھوکھر پر وحشیانہ تشدد کرکے جان سے مار دیا اور حسنین کی موت کو خودکشی قرار دیا، مقتول کی بیوہ ماں نسیم مائی نے بیٹے کی خودکشی کو تسلیم نہ کرتے ہوئے تھانہ کوٹ ادو میں زمیندار نعیم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
پولیس نے پوسٹمارٹم کرانے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔ پولیس زرائع کے مطابق مقتول کے جسم اور گردن پر شدید تشدد کے نشانات پائے گئے۔ حسنین بیوہ ماں کا اکلوتا بیٹا تھا۔ تشدد کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، ملزم تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔