مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 26 دسمبر2019ء) پنجاب حکومت کی جانب سے مظفرگڑھ کی تحصیلوں تحصیل علی پور اور تحصیل جتوئی کی عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لئے پولیس موبائل خدمت مرکز کا اجراء کر دیا گیا جس کے باعث ان شہروں کے رہائشی افراد کو 80 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے مظفرگڑھ جانے سے نجات مل گئی ہے۔شہریوں نے پولیس موبائل سروس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ موبائل سروس سے علی پور اور جتوئی کے رہائشیوں کو بہت سہولت میسر آئی ہے، اس سے قبل انہیں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے، لائسنس تجدید کرانے، ویریفیکیشن سرٹیفیکیٹ لینے اور پولیس سے متعلقہ دیگر کاموں کے سلسلے میں مظفرگڑھ جانا پڑتا تھا جس سے ان کے پیسے اور وقت کا بہت نقصان ہوتا تھا، ایک کام کیلئے مظفرگڑھ کے 3،4 چکر لگانے پڑتے تھے، اب انہیں ان کے گھر میں حکومت نے سہولت دے دی ہے، ان کے پولیس سے متعلقہ تمام کام یہیں ہو جاتے ہیں،وہ اس موبائل سروس کے اجرا پر پی ٹی آئی حکومت کے شکر گزار ہیں۔
پولیس موبائل سروس میں کام کرنے والے پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ روزانہ 30 سے 40 افراد اس سروس سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور گزشتہ 3 ماہ میں 900 سے زائد افراد اس سروس سے مستفید ہو چکے ہیں۔