مظفرگڑھ، بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبے کا ناکام ڈرامہ سیاستدانوں کی اختراع ہے، جمشید احمد دستی

مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 29 جنوری2019ء) پاکستان عوامی راج پارٹی کے چیئرمین جمشید احمد دستی نے سماجی راہنما ناظم خان بلوچ کے ظہرانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبے کا ناکام ڈرامہ سیاستدانوں کی اختراع ہے ان سیاستدانوں نے ہمیشہ سرائیکی وسیب کے ساتھ فراڈ کیا ہے انہوں نے کہا کہ اگر ڈویژن بہاولپور کو صوبہ بنانا ہے تو پہلے صوبہ بننے کا حق ڈیرہ غازی خان ڈویژن کا ہے جسکا پسماندگی میں پہلا نمبر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی راج پارٹی 23 مارچ کو بقائے پاکستان اور علیحدہ صوبہ تحریک کے لئے مظفرگڑھ میں تاریخی جلسہ کر رہے ہیں۔ سرائیکی خطے میں ہونے والی پولیس گردی، جاگیرداروں کی لوٹ مار، کرپشن لاقانونیت، عوام پر ہونے والے مظالم کے خلاف، کسان دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کا اس جلسے سے آغاز کرینگے۔ اسی جلسے سے علیحدہ صوبہ کی تحریک کا باقاعدہ آغاز کرینگے۔