مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 اپریل2019ء) انچارج ایس ای سوئی گیس مظفرگڑھ حسن رضا کاظمی کا غیر قانونی اقدام، مظفرگڑھ، علی پور، شاہ جمال اور جتوئی کے 10 شہریوں کا سوئی گیس دفتر میں داخلہ بند کر دیا۔ ان میں جتوئی کے یاسر، راؤ اکرم رحمانی، فدا حسین اور رانا اکرم، شاہ جمال کا ظفر انصاری، علی پور کے زوار گھلو اور مظفرگڑھ کے ربنواز، وزیر احمد، منور اور چودھری ارشد شامل ہیں۔ان کے دفتر میں داخلہ کی بندش کا باقاعدہ دستخط شدہ نوٹس دفتر کے باہر آویزان کیا گیا ہے۔ سابق ممبر انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان اور صدر مجلس شہریاں ضلع مظفرگڑھ رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ نے متاثرہ شہریوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایسے نوٹسز کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ایس ای سوئی گیس مظفرگڑھ کے خلاف عدالتی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری ادارے میں ہر شہری جا سکتا ہے، اس پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی، سرکاری ادارہ کسی کی جاگیر یا ڈیرہ نہیں ہے۔