مظفرگڑھ،کاروباری علاقوں میں پرچی جوئے کا دھندہ عروج پر،جگہ جگہ جواریوں کے ڈیرے

مظفر گڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 07 جنوری2019ء) شہر بھر میں معروف و مصروف کاروباری علاقوں میں پرچی جوئے کا دھندہ عروج پر،جگہ جگہ جواریوں کے ڈیروں سے بچے اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا،پولیس کارروائی سے گریزاں۔تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ شہر میں پولیس کی مسلسل چشم پوشی کے باعث پرچی جوئے کا دھندہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے پرچی جوئے کا دھندہ کرنے والے افراد نے کارروائی نہ ہونے کی بناء پر اب اوپن ہوکر جوئے کا دھندہ شروع کردیا ہے اندرون شہر قنوان چوک، امام بارگاہ مہاجرین کے مین چوراہوں پر پرچی جوئے کے ڈیلر دھڑلے سے مجرمانہ کاروبار کررہے ہیں جسکے باعث نوجوان نسل بھی پیسے کے لالچ میں دنوں میں امیر ہونے کے خواب دیکھ کر منفی سرگرمیوں میں بڑی تیزی سے شامل ہورہی ہے۔عوامی سماجی حلقوں نے آرپی او ڈی جی خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ عمران کشور سے مطالبہ کیا ہے کہ پرچی جوئے ان ڈیلروں کیخلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے اندرون شہر مکینون کو منفی سرگرمیوں میں ملوث افراد سے نجات دلا کر تحفظ فراہم کیا جائے۔