مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 11 جنوری2019ء) ضلع کونسل ہال مظفرگڑھ میں لگائی جانے والی ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ کی کھلی کچہری مبینہ طور پر فلاپ ہو گئی.کھلی کچہری کی مناسب تشہیر اور بار بار مقام بدلنے کے باعث شہریوں کی طرف سے ریسپانس نہ مل سکا اور ضلعی افسران کی کچہری عملاً مذاق بن گئی .ضلع کونسل ہال میں سرکاری ملازمین موجود تھے جبکہ سائلین نہ ہونے کے برابر تھی.کچہری میں8 ,دس افراد آئے جن کی درخواستوں پر احکامات دیئے گئے .عوام اور شہریوں کی عدم دلچسپی کے باعث کھلی کچہری جلد اختتام پزیر ہو گئی.صدر مجلس شہریان ضلع مظفرگڑھ رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ نے کہا کہ آیئندہ افسران کھلی کچہری کی مناسب تشہیر کریں اور کچہری میں پیش کردہ درخواستوں پر دیئے گئے احکامات پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ ان کچہریوں کے فوائد سامنے آسکیں اور عوام کا ان پر اعتماد بحال ہو سکے۔