مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 10 ستمبر2021ء) ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے ضلع کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کا معائنہ کریں اور اشیاء خوردونوش کو حکومت کی مقرر کردہ نرخ پر فروخت کو یقینی بنائیں مصنوعی مہنگائی،گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی پر دکانداروں کو نہ صرف بھاری جرمانے کریں بلکہ ان پر مقدمات بھی قائم کئے جائیں اور گرفتاری عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو فرداََفرداََجائزہ لیا جائے گااور اس سلسلے میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران سے ایک ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے لوکل گورنمنٹ کے اداروں کے سر براہان کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ کے پروگرام خدمت آپکی دہلیز پر پروگرام کے تحت اپنی اپنی روزانہ کی سر گرمیوں میں اضافہ کیا جائے عوام کی طرف سے آنے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔انہوں نے بتایاکہ مجموعی طور پر مظفرگڑھ کی کارکردگی بہتر ہے جس پر کمشنر ڈی جی خان نے خراج تحسین پیش کیا ہے تاہم اپنی بہتری کی گنجائش موجود ہے۔