مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 دسمبر2022ء) مظفرگڑھ کے مضافات میں بھٹہ پور فلائی اوور کے قریب تیزرفتار ٹرالر نے موٹرسائیکل سوار فیملی کو کچل دیا،دو کمسن بچوں سمیت باپ موقع پر جاں بحق،والدہ اور کمسن بیٹا شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق گزشتہ شب مظفرگڑہ کے مضافات میں بھٹہ پور فلائی اوور کے قریب ایک ٹرالر نے لا پرواہی اور تیز رفتاری کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار 5 افراد پر مشتمل فیملی کو عقب سے ٹکر مار دی جس کے نتیجےمیں 38 سالہ والد پہلوان خان ، 16 سالہ خدیجہ بی بی اور 5 سالہ گل شیر ولد پہلوان خان موقع پر جاں بحق ہو گئے،جبکہ 35 سالہ کوثر بی بی زوجہ پہلوان خان اور 6 سالہ گلفام شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو سٹاف نے جائے حادثہ پر پہنچ کر پیشہ وارانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئےدو زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ موقع پر موجود تین ڈیڈ باڈیز کو ڈیڈ شیٹ سے کورکردیا۔
پولیس کی زیر نگرانی زخمیوں کو مزید علاج معالجے اور ڈیڈ باڈیز کو قانونی کارروائی کےلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ منتقل کردیا ۔ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس تھانہ صدر مظفرگڑھ نے مقدمہ درج کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔
بدقسمت خاندان مظفرگڑھ کے نواحی علاقے بصیرہ سے کسی عزیز کے گھر سے دعوت کھا کر واپس اپنے گھر بستی بھٹیاں آ رہا تھا کہ گھر کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا، عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ٹرالر کی تیزرفتاری اور ڈرائیور کی لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔