انسداد پولیو مہم میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 دسمبر2022ء) آئندہ پولیو مہم کی تمام تر تیاریوں کا جائزہ لینے اور مہم کو کامیاب بنانے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کیپٹن ریٹائرڈ سمیع اللہ فاروق کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اور شرکاء کو 16 تا 20 جنوری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ وہ انسدادِ پولیو مہم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے اور اگر کسی نے غفلت برتی تو ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا دیں گے ۔انہوں نے محکمہ صحت و تعلیم محکمہ بلدیات،محکمہ پولیس سمیت دیگر محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر سہولیات بروئے کار لائی جائیں اور اس مہم میں انڈس اسپتال اور سوشل سیکورٹی ہسپتال کو بھی شامل کیا جائے ۔انہوں نے کہا یہ پہلی لانچ ہونے والی مہم کی نسبت زیادہ کامیاب ہو۔انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایات جاری کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر تمام تر تیاریوں کا دوبارہ جائزہ لیں اور ممکنہ خامیوں کو دور کریں۔