مظفرگڑھ،بلدیہ علی پور کے اسسٹنٹ چیف آفیسر کی گاڑی کو شر پسند عناصر نے آگ لگا دی،گاڑی جل کر تباہ،مقدمہ درج

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 مئی2022ء) بلدیہ علی پور کے اسسٹنٹ چیف آفیسر کی گاڑی کو شر پسند عناصر نے آگ لگا دی،گاڑی جل کر تباہ،مقدمہ درج۔بلدیہ علی پور کے اسسٹنٹ چیف آفیسر پرویز بٹ کی بلدیہ کے گیراج میں کھڑی مہران کار کو کو 2 نامعلوم افراد نے پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں کار جل کر تباہ ہو گئی ہے۔پولیس تھانہ سٹی علی پور نے پرویزبٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اسسٹنٹ چیف آفیسر پرویز بٹ نے میڈیا کو تفصیل بتاتے ہوئے کہاہے کہ وہ گاڑی بلدیہ کے گیراج میں کھڑی کر کے لیبر کورٹ مظفرگڑھ میں ایک پیشی بھگتانے گئےاور پھر وہاں سے ایک دن کےلئے بہاولپور چلے گئے واپسی پر راستے میں ان کے ملازم نے انہیں فون پر اطلاع دی کہ سی سی وی ٹی وی فوٹیج کے مطابق گذشتہ شب دو نامعلوم افراد جنہوں نے اپنے چہرے چھپائے ہوئے تھے نے کار کے شیشے توڑ کر اندر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی اور فرار ہو گئے۔

پرویز بٹ نے اپنے ملازم پر شک کااظہار کرتے ہوئے کہآ کہ انہیں علی پور آئے ہوئے صرف ایک ماہ ہوا ہے اور نہ تو کوئی انہیں پہچانتا ہے اور نہ ان کی کار کو اور نہ ہی ان کی کسی سے دشمنی ہے صرف ان کا ملازم ان کی کار کو پہچانتا ہے اور صرف اسے ہی پتہ تھا کہ کار کہاں پارک ہے۔پولیس تھانہ سٹی علی پور نے ان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔