مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 دسمبر2022ء) اپنی مدد آپ کے تحت تعمیر ہونے والے پہلے ریسکیو 1122 اسٹیشن کا افتتاح کر دیا گیا۔ایم پی اے اظہر عباس چانڈیہ کے مطابق مظفرگڑھ جھنگ روڈ پر مظفرگڑھ کے نواحی علاقے ہیڈ محمد والا کے مقام پر بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملتان اور ایم پی اے سردار اظہر عباس خان چانڈیہ کی خصوصی کاوش سے اور مخیر حضرات کے تعاون سے تعمیر ہونے والے ریسکیو 1122 اسٹیشن کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
اس ریسکیو اسٹیشن کی تعمیر میں ایم پی اے اظہر عباس چانڈیہ ان کے فرزندوں نعیم خان چانڈیہ،صہیب خان چانڈیہ،صادق خان،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملتان نے خود بھی کنٹریبیوٹ کیا اور ان کی تحریک پر مخیر حضرات نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ریسکیو آفس کی تعمیر مکمل ہونے پر ایم پی اے اظہر عباس کے صاحبزادوں اور ریسکیو افسران نے ریسکیو اسٹیشن کو باقاعدہ طور پر ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کو ہینڈ اوور کر کے آفس کا باقاعدہ افتتاح کر کے اسے فعال کر دیا ہے۔ریسکیو اسٹیشن پر ایمبولینسز،موٹربائیکس اور دیگر ضروری سامان پہنچا دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ ہیڈمحمد والا کی پہچان اور وجہ شہرت میگا اسپورٹس ایونٹ تھل جیپ ریلی ہے جس کا انعقاد یہاں ہر سال کیا جاتا ہے۔