قائد اعظم محمد علی جناح کی مدبر قیادت میں پاکستان دنیا کے نقشے پر معرض وجود میں آیا‘وزیراطلاعات

مسئلہ کشمیر تاریخ کے اس نازک موڑ پر مصائب و آلام کی اس نازک ترین گھڑی میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کے مستقبل کی ضمانت ہے ‘یوم آزادی پاکستان کے موقع پرمشتاق منہاس کا خصوصی پیغام
جمعرات 13 اگست 2020 13:40

مظفرآباد(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 13 اگست2020ء) ٓٓآزادکشمیر کے وزیر اطلاعات سیا حت وآئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ آج کا دن پوری قوم کے لیے خوشی و کامرانی کا دن ہے کہ جب ہندوستان میں ملت اسلامیہ کو اپنا ملی تشخص ملا اور قائد اعظم محمد علی جناح کی مدبر قیادت میں پاکستان دنیا کے نقشے پر معرض وجود میں آیا ۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نظریاتی اور جغرافیائی لحاظ سے نامکمل ہے اس پس منظر میں اگر ریاست جموں و کشمیر کے مسلمانوں کی قومی تحریک آزادی کا جائزہ لیا جائے تو یہ تاریخی حقیقت تسلیم کرنی پڑتی ہے کہ قرارداد پاکستان کی منظوری کے بعد ریاست کے مسلمانوں نے اپنی تحریک آزادی کو تحریک پاکستان سے وابستہ کر دیا تھا۔
یوم آزادی پاکستان پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہا س نے کہا کہ اس موقع پر تحریک آزادی میں حصہ لینے والے جانثاروں کو مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں کہ آپ اعتماد رکھیں کہ مسئلہ کشمیر تاریخ کے اس نازک موڑ پر مصائب و آلام کی اس نازک ترین گھڑی میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کے مستقبل کی ضمانت ہے ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں یقین دلاتی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو ہر بین الاقوامی فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائیگا اور کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اس کے آئین کے آرٹیکل 370 اور35A کو ختم کرنے سے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر زبردستی قابض ہے۔ کشمیری عوام بھارت کی اس آئینی دہشتگردی کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔