عوام میں سموگ کے نقصانات بارے شعوربیدارکرنے کیلئے آگاہی سیمیناراور واک کاانعقاد

مظفر گڑھ۔8 نومبر(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 08 نومبر2016ء)ماحولیاتی آلودگی کے باعث پیدا ہونے والی سموگ نے معمولات زندگی متاثر کردئیے ہیں، سموگ کے مضر اثرات سے بچائو کیلئے عوام میں شعور و آگاہی فراہم کی جائے تاکہ اس سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے محفوظ رہا جائے۔ ڈی سی او شوکت علی نے محکمہ صحت کے زیر اہتمام سموگ سے آگاہی اور اس کے مضر اثرات سے بچائو کے سلسلے میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ایم پی اے خان محمد جتوئی ، ای ڈی او صحت ڈاکٹر شاہد حسین مگسی اور ڈی او صحت ڈاکٹر طارق محمود بھی موجود تھے،۔ڈی سی او نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے وزیر صحت رانا مشہود کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ میں سموگ کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی گئی ہیں، جس کے مطابق بھارت میں چاولوں کے پھوک بڑی مقدار میں جلانے اور دیوالی کے موقع پر آتش بازی کے دھواں سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے، موسم کی تبدیلی اور بارش نہ ہونے کی وجہ سے ہوا میں گرد کے ذرات شامل ہوگئے ہیں، اس کے علاوہ فیکٹریوں اور گاڑیوں کے دھواں سے بھی سموگ میں اضافہ ہوا ہے ،قبل ازیں ای ڈی او صحت ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے بتایا کہ سموگ ایک قسم کی فضائی آلودگی سے جو دھویں اور دھند کا امتزاج ہے جو انسانی پھیپھڑوں کو براہ راست متاثر کرنے کے علاوہ خارش، نمونیا اور کینسر کا سبب بنتی ہے۔بعد ازاں عوام میں سموگ سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا شعور بیدا رکرنے کیلئے ڈی سی او کی قیادت میں ڈی ایچ او آفس سے یاد گار چوک تک واک بھی کئی گئی۔ اس موقع پر محکمہ صحت کی جانب سے عوام میں سموگ اور اس سے بچائو کے بارے میں معلوماتی پمفلٹ اور ماسک تقسیم کئے گئے ۔