عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریا ں لگائی جارہی ہیں،ڈی سی مظفرگڑھ

مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 20 دسمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب ترین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت میں عوام کے مسائل کو فوری حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے عوام کو فوری انصاف اوران کے مسائل پر داد رسی کیلئے کھلی کچہریا ں لگائی جارہی ہیں، اس کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفاتر میں 2گھنٹے عوام کے مسائل سنے جاتے ہیں اور ان کے حل کیلئے اقدامات کئے جاتے ہیں۔یہ بات انہوں نے ڈی پی او سید ندیم عباس کے ہمراہ ضلع کونسل ہال میں کھلی کچہری میں عوامی مسائل سنتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں ایسے مسائل بھی سامنے آرہے ہیں جو ہمارے علم میں نہیں تھے اور 50فیصد سے زائد مسائل کو ایک ہی جگہ پر بیٹھ کر حل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریونیو سے متعلق مسائل کے حل کے لئے ضروری کاغذات کی جانچ پڑتال ضروری ہوتی ہے جس کے لئے 2سے 3دن لگتے ہیں، شہر میں صفائی او ر سیوریج سے متعلق مسائل کے حل کیلئے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کردی گئی ہے وہ خود بھی مختلف اوقات میں موقع پر جا کر ترتیب سے ان مسائل کو دیکھیں گے۔

اس موقع پر ڈی پی او سید ندیم عباس نے کہا کہ کھلی کچہری میں دی گئی درخواستوں پرا یک ہفتہ کے اندر کارروائی کی جائے گی،جن درخواستوں پر ایف آئی آر درج کرانا مقصود ہوگی ایف آئی آر درج کرائیں گے جن پر گرفتاری درکار ہوگی گرفتاری کرائیں گے اورجھوٹی درخواستوں کو خارج کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل تھانہ سطح پر نہیں بلکہ ایک ذمہ دار افسر فیصلہ کرے گا۔کھلی کچہری میں 50سے زائد سائلین نے درخواستیں دیں جن میں 25پولیس سے متعلق تھیں جبکہ بقیہ محکمہ ریونیو، ضلع کونسل اور میونسپل کار پوریشن سے متعلق تھیں جن کے فوری حل کیلئے ڈپٹی کمشنر نے احکامات جاری کیے۔کھلی کچہری میں محلہ شیخوپورہ میں 5سال سے بند سیوریج کی بحالی پر اہلیا ن محلہ نے ڈپٹی کمشنر کاشکریہ ادا کیا اور ان کو پھولوں کے ہار پہنائے