عوامی فلا ح و بہبود کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے، اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 13 جون2020ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین نے کہا ہے کہ میونسپل کارپوریشن مظفرگڑھ، تحصیل کونسلوں اور ضلع بھر کی میونسپل کمیٹیز کے تحت عوامی فلا ح و بہبود کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ عام آدمی کو ان سے فائدہ حاصل ہو۔ یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2019-20میں میونسپل کارپوریشن مظفرگڑھ، تحصیل کونسلوں اور ضلع بھر کی میونسپل کمیٹیز کے تحت164ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی جس میں سٹرکوں کی تعمیر و مرمت،ٹف ٹائل، سولنگ، نالیوں کی تعمیرو مرمت، سیوریج اور ضروری مشینری کی خریداری کے منصوبے شامل تھے۔انہوں نے بتایا کہ 164ترقیاتی منصوبوں کیلئے 60کروڑ26لاکھ سے زائد کی رقم مختص کی گئی تھی، اب تک ان منصوبوں پر 21کروڑ3لاکھ44ہزار روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا میونسپل کارپوریشن اور تحصیل کونسل کے چیف افسران کو ہدایت کی کہ وہ جاری منصوبوں کی پڑتال کریں ان میں استعمال ہونے والے مٹیریل کی پڑتال کریں اگر کہیں غیر معیاری میٹریل استعال کیا جارہا ہے تومتعلقہ ٹھیکیدار خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی سستی و کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائیگا اور تمام منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں میونسپل کارپوریشن مظفرگڑھ، تحصیل کونسلوں اور ضلع بھر کی میونسپل کمیٹیز کے چیف افسران سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔