مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 08 جون 2022ء ) پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں ضمنی الیکشن میں 2 شوہر اور بیویاں ایک دوسرے کے مدمقابل آ گئے۔ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق مظفر گڑھ میں انتہائی دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی،مظفر گڑھ سے والدہ کے ڈی سیٹ ہونے پر دو بھائی اور ان کی بیویاں مدمقابل آ گئے۔مظفر گڑھ کے حلقہ پی پی 272جتوئی سے ضمنی الیکشن میں دو بھائیوں اور ان کی بیویوں نے ایک دوسرے کے خلاف کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے۔
پی ٹی آئی کی حلقہ پی پی 272 سے زہرہ بتول ڈی سیٹ ہونے پر سگے بیٹوں باسط سلطان بخاری ان کی اہلیہ سیدہ زہرہ باسط، ہارون سلطان بخاری اور ا س کی اہلیہ بینش ہارون نے ایک دوسرے کے مدمقابل کاغذات جمع کرائے۔زہرہ بتول نے گذشتہ عام انتخابات میں اسی حلقے سے اپنے سگے بیٹے ہارون سلطان بخاری کو شکست دے کر پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر سیٹ جیتی تھی۔
زہرہ بتول بھی پی ٹی آئی کے منحرف اراکین میں شامل ہیں جس کے بعد انہیں ڈی سیٹ کیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوگیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 جون تک جاری رہے گی۔ مراحل مکمل ہونے کے بعد حتمی فہرست 24 جون کو آویزاں کی جائے گی۔ پنجاب کے 20حلقوں میں ضمنی انتخابات 17 جولائی کو ہوں گے۔سابق صدر آصف علی زرداری سے لاہور میں وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے وفد کے ہمراہ بلاول ہائوس لاہور میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور صوبے کے انتظامی امور باہمی تعاون سے چلانے پر غور کیا گیا ،ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ ورکنگ ریلیشین کو مضبوط بنایا جائے گا اور صوبے میں ہونے والے ضمنی انتخابات مشترکہ طور پر لڑیںگے۔