مظفر گڑھ۔یکم جولائی (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 01 جولائی2017ء)عوام کی خدمت ہمارا شعار ہے جس کی بدولت عوام نے ہمیں منتخب کیا، نئے مالی سال میں عوام کی فلاح و بہبود اور ضلع کی تعمیرو ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ یہ بات چیئر مین ضلع کونسل سردار عمر خان گوپانگ نے ضلع کی مختلف یوسی کے چیئرمینوںسے ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی عوام کیلئے صحت و صفائی کے جامع منصوبے ، تعلیم کی جدید سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، تنقید برائے تنقید سے بہتر ہے کہ تنقید برائے اصلاح کی جائے تاکہ عوام کے مسائل کو فوری حل کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے ہر منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا،عوام کے مسائل کے فوی حل کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے معاونت سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، ضلع کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء، سول سوسائٹی اور انجمن تاجران کو ساتھ لے کر چلیں گے، چیئر مین ضلع کونسل سردار عمر خان گوپانگ نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی بحالی کے ثمرات عوام کو نظر آئیں گے ، جمہوریت کی بقا بلدیاتی اداروں سے ہے ، عوامی مسائل کے دیر پا حل کیلئے بلدیاتی ادارے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔انہوں نے بلدیاتی اداروں کو فعال بنانے کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔