مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 02 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کی طرح ضلع مظفرگڑھ میں بھی گندم خریداری مہم 8اپریل سے شروع ہوگی ، انہوں نے کہا کہ وہ خود گندم خریداری مہم کی نگرانی کریں گے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈسٹرکٹ پروکیورمنٹ آفیسر جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز تحصیلوں کے پروکیورمنٹ آفیسر ہونگے، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز ضلعی انتظامیہ کے زیر کنٹرول ہونگے، 8اپریل سے 17اپریل بشمول اتوار کے دن باردانہ کیلئے درخواستیں صبح 8بجے سے 4بجے تک وصول کی جائیں گی، کاشتکار سادہ کاغذ پر اپنے مکمل نام، پتہ، گرداوری کی کاپی ، فون نمبر اور شناختی کارڈ کی کاپی کے ہمراہ درخواست دیں گے، کاشت کاروں سے وصول شدہ درخواستوں کا روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ سنٹرز پر ڈسپلے کیا جائے گا، پنجاب لینڈ ریکارڈ رجسٹریشن اتھارٹی 20اپریل تک ان درخواستوں کی چھان بین کرے گی، 21اپریل کو کابینہ کمیٹی برائے گندم خریداری مہم باردانہ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی، 22اپریل کو پنجاب بھر کی طرح ضلع مظفرگڑھ میں بھی باردانہ کی تقسیم کا عمل شروع ہوجائے گا، کاشتکاروں کو صرف دس ایکٹر گندم کیلئے باردانہ دیا جائے گا، باردانہ کی تقسیم کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو برقرار رکھا جائے گا اور صرف حقدار کاشتکاروں کو باردانہ دیا جائے گا۔