مظفر گڑھ۔30 نومبر(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 30 نومبر2017ء) ضلع مظفرگڑھ میں پولیس کا پہلا خدمت مرکز کا افتتاح کردیا گیا ،خدمت مرکز میں شہریوں کو صرف24گھنٹوں میں گاڑیوں کی تصدیق ،گمشدگی کی اطلاع ،کرایہ داروں کی اطلاع ،کریکٹر سرٹیفیکیٹس ،ڈرائیونگ لائسنس سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جائینگی۔تفصیلات کے مطابق آر پی او ڈیرہ غازیخان سہیل تاجک نے مظفرگڑھ کے تھانہ سٹی میں پولیس خدمت مرکزکا افتتاح کیا ،اس موقع پر انھوں نے خدمت مرکز میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔خدمت مرکز میں شہری 24گھنٹوں کے اندر کریکٹر سرٹیفیکیٹس اورڈرائیونگ لائسنس بنواسکیں گے ،جبکہ گاڑیوں کی تصدیق ،ایف آئی آر کی کاپی کی فراہمی ،جرم کی اطلاع دینے ،اندراج کرایہ دار اور ملازم اور گمشدگی کی اطلاع دینے کی سہولیات بھی خدمت مرکز میں فراہم کردی گئی ہیں۔شہری معمولی فیس جمع کراکر سہولیات سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آرپی او ڈیرہ غازیخان سہیل تاجک اور ڈی پی او مظفرگڑھ ملک اویس احمدکا کہناتھا خدمت مرکزکے قیام کا مقصد شہریوں کو مختلف دفاتر کے دھکوں سے بچانا اور ایک ہی چھت کے نیچے فوری سہولیات کی فراہمی ہے ،ان کا کہنا تھا کہ خدمت مرکزکوٹ ادو اور علی پور میں بھی بنایا جائے گاتاکہ شہریوں کوکسی بھی قسم کی مشکلات سے بچایا جاسکے۔