مظفرگڑھ۔(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 12 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنر قیصر سلیم نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلع بھر میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے ، انہوں نے بتایا کہ اب تک ضلع بھر میں5کروڑ37لاکھ 94ہزار350روپے مالیت کا 147کنال اور 2مرلے رقبہ ناجائز قابضین سے وا گزار کرایا گیا ہے ، ضلع بھر میں 2219متحرک تجاوزات جن میں ریڑھی وغیرہ شامل ہیں کا خاتمہ کیا گیا، 445غیر متحرک تجاوزات جن میں تھڑے، پھٹے وغیرہ شامل ہیں کو تلف کیا گیا جبکہ 20ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں ناجائز قابضین اور تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا امتیاز تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا، کسی فرد کو دوبارہ قبضہ کرنے یا تجاوزات قائم کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی، ایسا کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام قبرستانوں پر قائم تجاوزات اور قابضین کو نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں ،اگر انہوں نے معینہ مدت میں جگہ خالی نہ کی تو ان کے خلا ف بھر پور کارروائی کی جائے گی۔