سردارکوڑے ٹرسٹ کی واگزارکرائی جانیوالی اراضی پرگندم کی فصل نیلام کردی گئی

مظفر گڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 10 اپریل2017ء)سپریم کورٹ کے احکامات پر تحصیل جتوئی کے موضع ڈیرہ کوڑا میں سردار کوڑے خاں ٹرسٹ کی وا گزار کرائی جانیوالی 417ایکٹر اراضی پر گندم کی کھڑی فصل کو ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد سیف انور کی سربراہی میں بنائی جانیوالی کمیٹی کی زیر نگرانی ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں 26لاکھ5ہزار روپے میں نیلام کردیا گیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے کہا کہ کامیاب بولی دینے والے کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم اور نیلامی سے وصول ہونیوالی رقم کو ضلع کی غریب عوام کی فلاح وبہبود کیلئے خرچ کیا جائے گا، انہون نے بتایا کہ 1947ء سے اب تک مذکورہ اراضی سے ناجائز قابضین مستفید ہو رہے تھے، پہلی بار فصل کی نیلامی کی جارہی ہے جس سے ٹرسٹ کی آمدن میںاضافہ ہوگا ، انہوں نے کہا کہ نیلامی کے عمل کو مکمل شفاف بنانے کیلئے کمیٹی کے دیگر ممبران میں چیئرمین ضلع کونسل سردار عمر خان گوپانگ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈی جی خان نمائندہ کمشنر اظہر حسین چانڈیہ، اے ڈی سی جی محمد شہزاد مگسی،اسسٹنٹ کمشنر جتوئی اورنگزیب اور پروفیسر افتخار ہاشمی شامل تھے،اس موقع پر اے ڈی سی جی محمد شہزاد مگسی نے بتایا کہ نیلامی سے قبل علاقے میں منادی ، پوسٹر، بینر اور اخبار اشتہار کے ذریعے تشہیر کرائی گئی ہے ،کمیٹی کی طرف سے سرکاری بولی 22لاکھ 72ہزار650روپے متعین کی گئی جبکہ بولی میں حصہ لینے کیلئے صرف دو افراد عبدالمالک اور ناصر خان نے سکیورٹی فیس جمع کرائی، تاہم ناصر خان ولد امداد حسین نے 26لاکھ5ہزار روپے کی بولی دے کر نیلامی اپنے نام کی اور شرط کے مطابق بولی کا ایک تہائی حصہ موقع پر جمع کرایا،اس موقع پر کاشتکاروں کی کثیر تعداد اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔