سائلین کے کام ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

مظفرگڑھ۔16 مارچ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 16 مارچ2018ء)ضلع بھر کے تمام سرکاری دفاتر میں تعینات افسران اور اہلکار عوام الناس کی خدمت عبادت سمجھ کر سرانجام دیں۔سائلین کے مسائل میرٹ پر حل کریں ،عوام کے جائز کام میں کسی قسم کی غفلت یاکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔یہ بات ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد سیف انورنے تحصیل علی پور میں اراضی ریکارڈ سنٹر اور اسسٹنٹ کمشنر آفس میں اچانک کئے جانے والے دورے کے دوران کہی، اسسٹنٹ کمشنر عمران شمس بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ دفاتر میں آنے والے سائلین کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے اور انکے جائز مسائل کو بلا تاخیر حل کیا جائے۔انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر اور اے سی آفس میں موجود سائلین سے ان کے کام ، ان کے مسائل اور سٹاف کے رویہ کے بارے بھی دریافت کیا ، ڈپٹی کمشنر نے سٹاف کو سائلین کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی اوردیگر سٹاف کی حاضری کو بھی چیک کیا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے علی پور میں مختلف جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا جہاں انہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں استعمال ہونے والے میٹریل کو چیک کیا جس پر انہوں نے تحصیل علی پور میں تعمیر ہونے والی ایک سولنگ میں استعمال ہونے والی اینٹوں کے معیار پر اطمینان کا اظہار نہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کونسل کے انجینئر کو فوری پر احکامات جاری کئے کہ سولنگ میں استعمال ہونے والی یہ اینٹیں فوری طور پر تبدیل کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے علی پور کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جہاں جانچ پڑتال کیں وہیں انہوں نے کام کی رفتار اور معیاری میٹریل کے استعمال کے لئے علاقہ مکینوں سے بھی پوچھ گچھ کیں تاکہ ترقیاتی کاموں میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار برقرار رکھا جاسکے اور منصوبے مقررہ وقت پر پایہ تکمیل پر پہنچ سکیں۔