رواں سال کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں پولیو کے کیس سامنے آنا قابل تشویش امر ہے،ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 06 اگست2022ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ علی عنان قمر نے کہا ہے رواں سال کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں پولیو کے کیس سامنے آنا قابل تشویش امر ہے جس سے ہماری ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں، اب انسداد پولیو مہم پہلے سے زیادہ بہتر انداز میں چلانے کی ضرورت ہے ۔یہ بات انہوں نے انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئی کہی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں بنائے گئے مائیکرو پلان پر نظرثانی کرے، یونین کونسل کی سطح پر کام کرنے والی ٹیموں میں اضافہ کرے، نادرا اور احساس کفالت سنٹر سمیت دیگر عوامی مقامات پر ٹیموں کی تعیناتی کو یقینی بنائے تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے علماء کرام، سول سوسائٹی، این جی اوز اور رضا کاروں کی خدمات حاصل کی جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ انسداد پولیو مہم میں کام کرنے والے اہلکاروں کی جدید خطوط پر تربیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی قسم کی غلطی کا احتمال نہ ہو۔ اجلاس میں سی ای او ڈاکٹر محمدفیاض نے بتایا کہ ماہ اگست کی یہ 5روزہ مہم 22اگست سے 26اگست تک جاری رہے گی اس دوران ضلع بھر میں 5سال تک کی عمر کے 8لاکھ51ہزار267بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ جس کیلئے 3ہزار355ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 3ہزار134موبائل ٹیمیں ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائیں گی۔