مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 30 جولائی2022ء) دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ علی عنان کا دریائے چناب کے مختلف علاقوں کا دورہ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تحصیل مظفرگڑھ میں جوانا بنگلہ سے تحصیل علی پور میں ہیڈ پنجند کے مقام تک دریائے چناب سے ملحقہ 104 مواضعات کو سیلاب کے خطرے کے پیش نظر خالی کرالیا گیا ہے،لوگوں کو ان کے مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 12 فلڈ ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں محکمہ صحت کی ٹیمیں اور محکمہ مال کے اہلکار لوگوں کی مدد کےلئے موجود ہیں ان کے علاوہ محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیمیں مویشیوں کی ویکسینیشن کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور وہ ہر طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ممکنہ اونچے درجے کے سیلاب سے نمٹنے کےلئے ریسکیو 1122 سروس نے مکمل تیاریاں کر لی ہیں ریسکیو 1122 نے رنگپور سے ہیڈ پنجند تک 15 کیمپ قائم کر دیئے ہیں۔