حکومت پنجاب کی ہدایت پر کھلی کچہری لگائی جارہی ہے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو

مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 26 اپریل2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو عطاء الحق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ہر جمعہ کے روز باقاعدگی سے کھلی کچہری لگائی جارہی ہے، جس کا مقصد عوام کو فوری انصاف ان کے دہلیز پر پہنچانا ہے، کھلی کچہری میں ضلع کے دور دراز کے دیہی علاقوں سے سائلین اپنے مسائل لے کر آتے ہیں اور ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے ان کے حل کیلئے فوری اقدامات کرتے ہیں، یہ بات انہوں نے ضلع کونسل میں کھلی کچہری میں سائلین کے مسائل سننے کے دوران کہی، انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے ضلعی سربراہان کھلی کچہری میں اپنی حاضری کو یقینی بناتے ہیں تاکہ سائل کے درخواست پر فوری کاروائی کو یقینی بنایا جائے، میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ کے ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن اور واجبات کی عدم ادائیگیوں کی درخواست پر اے ڈی سی ریونیو عطاء الحق نے کہا کہ صوبائی حکومت سے ملنے والی گرانٹ سے ترجیح بنیادوں پر تمام پینشنرز کے واجبات ادا کئے جائیں، جس پر چیف آفیسر بلدیہ مظفرگڑھ ذوہیب حمید نے بتایا کہ فنانس ڈیپارٹمنٹ سے ملنے والی گرانٹ کی رقم بلدیہ کو موصول ہوچکی ہے، تمام پینشنرز کے واجبات ترجیح بنیادوں پر ادا کردئیے جائیں گے،کھلی کچہری میں محکمہ ریونیو سے متعلقہ درخواستیں بھی دی گئیں جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطاء الحق نے فوری کاروائی کے احکامات جاری کئے۔کھلی کچہری میں ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔