مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 29 ستمبر2022ء) ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ علی عنان قمر نے کہا ہے کہ ضلع کی عوام کو ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو کی بہتر سے بہتر سروس فراہم کرنے کیلئے حکومت پنجاب نے مظفرگڑھ کو 50ریسکیو موٹر سائیکل فراہم کی ہیں جو وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا احسن اقدام ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں ۔یہ بات انہوں نے ریسکیو 1122کی موٹر سائیکل سروس کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈاکٹر میاں حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو 1122کی یہ موٹر سائیکلیں ضلع کی تمام تحصیلوں میں تقسیم کی جائیں گی تاکہ ضلع کی تمام عوام کو ایمرجنسی میں ریسکیو کی زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی میں جہاں ایمولینس کا پہنچنا مشکل ہوتا ہے وہاں موٹر سائیکل کے ذریعے متاثرین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جاسکے گی جس سے ریسکیو 1122کی کارکردگی میں مزید اضافہ ہوگا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈاکٹر میاں حسین نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو کی موٹر سائیکل سروس سے اب عوام کی دہلیز تک ریسکیو کی خدمات فراہم کی جاسکے گی اور کم سے کم وقت میں انسانی جان کو محفوظ بنایا جاسکے گا۔