مظفرگڑھ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔24 اپریل۔2018ء) سابق وزیرخارجہ وخزانہ حناربانی کھر کے خلاف بھائی کی درخواست پر اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کرلیا ، مقدمہ جعلسازی اور دھوکادہی کے الزام پر درج کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیرخارجہ وخزانہ حناربانی کھر اوران کے والد پر جعلسازی کا مقدمہ درج کرلیا گیا،حناربانی کھر اور والد نور ربانی کھر پر الزام ہے کہ انھوں نے جعلسازی سے قیمتی اراضی ہتھیالی۔مظفرگڑھ کے تھانہ میں دھوکا دہی اور جعلسازی کے مقدمہ میں حناربانی کھر، نورربانی کھرسمیت 25افرادنامزد ہے۔حناربانی پر موروثی جائیداد سے محروم کرنے کا الزام بھائی عبدالخالق نے لگایا اور کہا کہ نور ربانی کھر نے 1971سے 2002 کے دور میں جعلسازی کی اور سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرکے وراثتی جائیداد اپنے نام منتقل کرائی۔پیپلز پارٹی کے ایم این اے نورربانی کھر،سابق گورنرپنجاب غلام ربانی کھر کے بھائی ہیں، نورربانی کھر نے زیب االنساءسے علیحدگی کے بعد سمیرا عبداللہ سے شادی کی اور 1535 کنال 13 مرلہ جائیداد بیوی اور بیٹے بیٹیوں کے نام کردی تھی۔یاد رہے کہ عبدالخالق کھرنے کچھ عرصہ قبل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو جعل سازی سے جائیداد منتقل کرنے پر ملزمان کے خلاف درخواست دی تھی اور اینٹی کرپشن پولیس مظفرگڑھ نے معاملے کی تحقیقات کرکے جعلسازی ثابت ہونے پر مقدمہ درج کرلیا۔