جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے،سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس جنوبی پنجاب

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 27 جنوری2023ء) سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس جنوبی پنجاب جواد اکرم نے کہا ہے کہ محکمہ ہائی وے اور محکمہ بلڈنگ کے زیر نگرانی جن ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ان کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے جن منصوبوں کے فنڈزمکمل آچکے ہیں ان کو فی الفور مکمل کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ کے دورہ کے موقع پر محکمہ ہائی وے اور محکمہ بلڈنگ کے افسران کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو جواد اکرم نے کہا کہ جاری منصوبوں پر کام اور میٹریل کے معیار کو یقینی بنایا جائے، متعلقہ افسران باقاعدگی سے ہر منصوبے کا معائنہ کریں اور کام کی پڑتال کریں۔

انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کے بلوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں لیکن کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے محکمہ ہائی وے کے افسران کو ہدایت کی کہ نئی سٹرکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ان کے اطراف شجرکاری کو بھی یقینی بنائیں یہ بھی منصوبے کا حصہ ہے، اس کیلئے باقاعدہ فنڈز مختص کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی مرحلے پر بھی کوئی مسئلہ درپیش ہو تو اسکی فوری نشاندہی کی جائے تاکہ اس کا فوری تدارک کیا جائے۔ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے محکمہ ہائی وے اور محکمہ بلڈنگ کی مجموعی کار کردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے بتایا کہ محکمہ ہائی وے کے زیر نگرانی سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے 33منصوبے ہیں جن میں 5نئے منصوبے شامل ہیں، جن کیلئے 6ارب 45کروڑ10لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سے اب تک 3ارب 73کروڑ80لاکھ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں اور 8منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبوں پر جاری کام کو وہ خود بھی مانیٹر کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر کے وسط سے گذرنے والے مرکزی سڑک فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے نا مکمل ہے، فنڈز کیلئے اعلیٰ حکام کو لکھا جا چکا ہے جونہی فنڈز فراہم کئے جائیں گے اس کو تکمیل کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ نے بتایا کہ محکمہ بلڈنگ کے زیر نگرانی 24منصوبوں پر کام جاری ہے جن کیلئے 2ارب 38کروڑ68لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

منصوبوں میں ہائیر ایجوکیشن،صحت، سوشل ویلفیئر، لائبریری، بورڈ آف ریونیو، ہوم، جیل، عدلیہ، پولیس، زراعت، فشریز اور ریسکیو 1122کے منصوبے شامل ہیں۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل تنویر احمد سہو، ایکسین ہائی وے، ایکسین بلڈنگ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ بعد ازاں سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس جنوبی پنجاب جواد اکرم نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ بھی کیا۔