تھل جیپ ریلی کا انعقاد 3نومبر سے 5نومبر تک ہوگا٬ڈی سی او

مظفر گڑھ۔18 اکتوبر(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 18 اکتوبر2016ء)علاقائی ثقافت ٬ علاقائی لوک ورثہ اور علاقائی کھیلوں کے فروغ کیلئے امسال تھل جیپ ریلی کا انعقاد ضلع مظفرگڑھ کے صحرائی علاقے میں ہوگا۔ یہ بات ڈی سی او مظفرگڑھ شوکت علی نے جیپ ریلی کے انعقاد کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئی کہی٬ ڈی پی او مظفرگڑھ ملک اویس احمد ٬ اے ڈی سی مظفرگڑھ مہر خالد بھی ان کے ہمراہ تھے٬ ڈی سی او نے بتایا کہ کہ جیپ ریلی کا انعقاد محکمہ سپورٹس اور محکمہ سیاحت کی معاونت سے کیا جارہا ہے۔جیپ ریلی کا انعقاد 3نومبر سے 5نومبر تک ہوگاجس کیلئے ٹریک کی تیاری کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ ٹریک پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے ٬ جیپ ریلی ہیڈ محمد والا سے شروع ہوگی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی 100کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے واپس ہیڈ محمد والا پر اختتام پزیر ہوگی۔انہوںنے مزیدکہاکہ ٹریک بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا٬ ٹریک پر تمام رکاوٹوںکو دور کیا جائے گا٬ آبادی کے نزدیکی ٹریک پر خار دار تار لگائی جائے گی٬مختلف مقامات پر چیک پوسٹ بنائی جائیں گی٬ ہنگامی صورتحال سے نمنٹے کیلئے ریسکیو 1122کا عملہ تعینات کیا جائے گا٬ اس کے علاوہ محکمہ صحت کی ایمبولینس اور عملہ بھی تعینات ہوگا٬ رضا کاروں اور سکائوٹس کی خدمات بھی لی جائیں گی٬ جس کے لئے اے ڈی سی مہر خالد کو فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈی او سپورٹس اصغر خان بابر نے بتایا کہ3نومبر کوجیب ریلی کی تقریبات کا باقاعدہ افتتاح ہوگا٬ جس میں علاقائی کھیل٬ کبڈی٬ جھومر ٬ گھوڑا ڈانس٬ جھومر٬علاقائی فنکاروں کی موسیقی اور آتشبازی کا مظاہرہ ہوگا٬ 4نومبر کو ریلی کا کوالیفائی راونڈ ہوگا٬جس کے بعد میجک شو اورآتشبازی کا مظاہرہ ہوگا٬ 5نومبر کو فائنل جیپ ریلی ہوگی ٬انعامات کی تقسیم کی تقریب اور آتشبازی کا مظاہرہ ہوگا۔اجلاس میں اے سی مظفرگڑھ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی٬ ای ڈی او سی ٹی غلام عباس سومرو٬ ای ڈی او تعلیم شمشاد احمد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔