اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،چیئرمین ضلعی اوورسیز کمیٹی

مظفرگڑھ ۔07اپریل(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔07 اپریل۔2016ء) اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ، یہ بات چیئرمین ضلعی اوور سیز کمیٹی ایم پی اے احمد قسور کریم لنگڑیال نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، ڈی سی او شوکت علی بھی ان کے ہمراہ تھے، چیئر مین کمیٹی نے کہا کہ کمیٹی کے مطلوبہ مقاصد کے حصول کیلئے ضروری ہے کہ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے نمائندگان شرکت کریں تاکہ پیش کئے جانے والے مسائل کو جلد سے جلد حل کرنے میں معاونت مل سکے، انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں ایف آئی اے، نادرا، سوئی گیس ،واپڈ اور پاسپورٹ آفس کے نمائندگان کی شرکت کو یقینی بنایا جائے، اجلاس میں اوور سیز پاکستانیوں کی جانب سے جمع کرائی گئی 22درخواستیں پیش کی گئیں جن میں 9درخواستیں زمین کے تنازعات ،ایک درخواست جائیداد کے تنازعہ،ایک درخواست رہائشی مکان کے تنازعے ،4درخواستیں رقم کے لین دین ، 2درخواستیں ویزہ کے حصول، ایک درخواست پٹواری کے خلاف، ایک درخواست فون پر دھمکیاں دینے،ایک درخواست واپڈا کازیادہ بل بھیجنے اور ایک درخواست ایف آئی آر کے اندراج کیلئے دی گئیں تھیں، موقع پر موجود درخواست گزاروں کا موقف سنا گیا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ تمام درخواستوں پر میرٹ پر فیصلہ کیا جائے اور حقدار کو اس کا حق دلوانے میں تمام وسائل کو برؤے کار لایا جائے ، اجلاس میں اے ڈی سی اعجاز منیر ، ڈسٹرکٹ اٹارنی ملک ضیا الحق، ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹرثمر عباس سمیت متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔