انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں یو سی ایم اوز کی تربیتی ورکشاپ کاانعقاد

مظفر گڑھ۔27 مارچ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 27 مارچ2018ء) ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے کہا ہے کہ کسی بھی مہم کے 100فیصد نتائج کے حصول کیلئے ضروری ہے کہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق تربیت حاصل کی جائے ، اپنی خامیوں کو دور کیا جائے اور مانیٹرکرنے والے اداروں کے تحفظات کو دور کیا جائے، یہ بات انہوں نے انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں یو سی ایم اوز کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ضلع مظفرگڑھ ایک بڑا اور مشکل ضلع ہے، جس کے لئے انسدا د پولیو مہم کی ٹیموں کو زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے ، ان کی محنت کی بدولت انسداد پولیو مہم کے لحاظ سے ضلع مظفرگڑھ صوبہ بھر میں نمایاں پوزیشن پر ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مہم کے دوران چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو بھی ختم کردیا جائے تو ضلع مظفرگڑھ صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرسکتا ہے اور اس طرح ہم ضلع سے پولیو جیسے موذی مرض کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے شکست دے سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں پولیو وائرس کی موجودگی کی وجہ سے ضلع مظفرگڑھ میں زیادہ اور محتاط کام کرنے کی ضرورت ہے، ضلع میں ہر 5سال تک کی عمر کے بچے کو پولیو سے بچائو کی ویکسین کے قطرے پلانا پہلے سے زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو سمیت دیگر موذی امراض سے بچوں کو محفوظ بنانے کیلئے ای پی آئی پروگرام کو موثر بنانا وقت کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی نسل کو موذی امراض سے پاک ملک دے سکیں، انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم اور ای پی آئی پروگرام میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ورکرز کو تعریفی اسناد بھی فراہم کی جائیں گی، اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسر صحت ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے کہا کہ ہم سب ایک ٹیم کی مانند ہیں، ضلع کو پولیو سمیت دیگر موذی امراض سے محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہم اکیلے رہ کر کچھ نہیں کرسکتے ، ضلع میں ہر ماہ 8لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین پلانا ٹیم ورک سے ہی ممکن ہے، انہوں نے کہا کہ ورکرز کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے ،تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ ڈاکٹر فیاض سرور نے کہا کہ ہماری کامیابی کا سہرا ٹیم کے ورکرزکے سر ہے جو گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین کے قطرے پلاتا ہے اور ہماری عزت بناتا ہے ، انہوں نے کہا کہ غلطیوں کی نشاندہی کرنے کا مقصداصلاح کرنا ہے تاکہ آئندہ بہتر سے بہتر نتائج کو حاصل کیا جاسکے۔