امن کے قیام کیلئے ہم سب کو انفرادی و اجتماعی طور پر کام کرنا ہوگا،ڈپٹی کمشنر

مظفر گڑھ۔7 مارچ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 07 مارچ2017ء)مسائل کے حل کیلئے امن و امان کا قیام نہایت ضروری ہے اور امن کے قیام کیلئے ہم سب نے انفرادی اور اجتماعی طور پر کام کرنا ہے ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور جپہ نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے تمام معاملات کو مل کر سلجھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ تخریب کار عناصر ہر جگہ سرگرم ہیں، ہم سب نے ملکر ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے ہم نے اپنے ملک، اپنے شہر اوراپنے گائوں اور اپنے گھروں کی حفاظت کرنی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کرایہ داروں کی تصدیق کریں اور متعلقہ تھانے کو ضروری رپورٹ کریں، اپنے ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیںنئے آنے والے افراد کے سرگرمیوں پر نظر رکھیں،علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام میں اس کا شعور بیدار کریں اور پر امن معاشرے کے قیام میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔