مظفرگڑھ 17 دسمبر(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 17 دسمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ظہور بھٹہ نے تاندلیانوالہ شوگر ملز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ملز میں موجود کسانوں سے ملز مالکان کے روئیے اور دیگر مسائل کے بارے تفصیلی معلومات حاصل کیں جس پر کسانوں نے ملز انتظامیہ کی جانب سے پرمٹ اور کرشنگ کے انتظامات کے بارے اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق کسانوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ریونیو کا عملہ باقاعدہ طور پر خدمات سرانجام دے رہا ہے اور مزید کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں پینافلیکس پر خصوصی نمبر آویزاں کردیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی خوشحالی کیلئے حکومت پنجاب کی ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔