احتیاطی تدابیر کے ذریعہ ایڈز جیسے موذی مرض سے بچاؤ ممکن ہے،ڈاکٹر سلیم اکبر لغاری

مظفر گڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 دسمبر2018ء) ڈاکٹر سلیم اکبر لغاری سی ای او ہیلتھ نے کہاہے کہ احتیاطی تدابیر کے ذریعہ ایڈز جیسی موذی مرض سے بچاؤ ممکن ہے، ایڈز کے پھیلاؤ میں کمی لانے کیلئے حکومت اپنا کردار ادا کر رہی ہے، عوام الناس میں آگاہی اور بیدار ی کیلئے تمام سماجی طبقات حکومت کی معاونت کریں۔ یہ بات انہوں نے ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ ایڈز ایک جان لیوا بیماری ہے لیکن اگر اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر جنسی بے راہ روی سے بچاجائے، سرنج کے استعمال کان چھید کروانے اور انتقال خون کے وقت محتاط رہا جائے تو ایڈز سے یقینی بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ڈی جی خان میں ایڈز سینٹر قائم کیا گیاہے جہاں ایچ آئی وی ایڈز کی تشخیص اور ممکنہ علاج معالجہ سمیت تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ آخر میں ڈاکٹر سلیم اکبر لغاری کی قیادت میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔