آسان رسائی پروگرام کے تحت عوامی خدمت کا تسلسل جاری رہے گا،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 فروری2023ء) مظفرگڑھ میں آسان رسائی انیشیٹیو کے تحت شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے آج آسان رسائی انیشیٹیو کے دوسرے روز بھی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران شمس اور اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ناصر ڈوگر کے ہمراہ ڈی سی آفس میں کھلی کچہری لگائی۔ انہوں نے مرد و خواتین سائلین کے مسائل سنے،مسائل کے حل کے لیے احکامات بھی جاری کیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سائلین کو ریلیف دے کر عوامی خدمت کو یقینی بنارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آسان رسائی انیشیٹیو کے تحت مسائل سن رہے ہیں اور لوگوں کے مسائل بارے باقاعدہ متعلقہ محکموں سے فالو اپ بھی لیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمانہ رپوٹ ملتے ہی سائل کا مسئلہ حل کر دیا جاتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ تحصیلوں میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر محکموں کے افسران اپنے آفس کے باہر روزانہ ساڑھے نو بجے عوامی خدمت کیلئے کھلی کچہریاں لگا رہے ہیں۔

 

ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ عوامی خدمت کا یہ تسلسل جاری رہے گا۔ کھلی کچہری میں سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہر درخواست کا فالو اپ لیا جائے گا اور درخواست گزاروں کو بھی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔