کوٹ ادو میں گندم خریداری کیلئے محکمہ خوارک کے 17مراکز قائم کئے جارہے ہیں،ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ

مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 05 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ تحصیل مظفرگڑھ اور تحصیل کوٹ ادو میں گندم خریداری کیلئے محکمہ خوارک کے 17مراکز قائم کئے جارہے ہیں جبکہ تحصیل علی پور اور تحصیل جتوئی میں پاسکو گندم کی خریداری کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ امسال حکومت پنجاب نے ضلع مظفرگڑھ میں محکمہ خوراک کو 1لاکھ 41ہزار 285میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا ہے،یہ بات انہوں نے گندم خریداری کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کہی، ڈی پی اور غازی صلاح الدین بھی ان کے ہمراہ تھے ، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گندم خریداری کی عمل کو نہایت شفاف بنایا جائے گا، کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے مقامی ایم پی ایز کے نمائندوں اور کاشتکاروں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی، ہر مرکز ہر کاشتکارں کے بیٹھنے کیلئے سایہ دار جگہ، کرسیاں، پینے کے پانی اور بجلی کی سہولت فراہم کی جائے گی اور میڈیکل کیمپ لگایا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق باردانہ کے حصول کیلئے 16سے 20اپریل تک درخواستیں وصول کی جائیں گی، ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں قائم مراکز کا معائنہ کریں اور سہولیات کا جائزہ لیں، ڈی پی او غازی صلاح الدین نے کہا کہ تمام مراکز پرامن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے سیکورٹی فراہم کی جائے گی، ٹریفک نے نظام کو رواں دواں رکھا جائے گا، اے ڈی سی ریونیو عطاء الحق نے بتایا کہ تحصیل مظفرگڑھ میں 8مراکز مظفرگڑھ I، مظفرگڑھII، رکھ ہر پلو، خانگڑھ، شاہ جمال ، دین پور، بکائنی اور رنگ پور تحصیل کوٹ ادو میں 9مراکز کوٹ ادو، پتل منڈا، احسان پور، میر پور بھاگل، سنانواں، ریاض آباد، واندرڈ، شیخ عمراو ر غازی کھاٹ شامل ہیں۔