ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ کی قیادت میں کمپری ہینسیو ہائی سکول مظفرگڑھ سے جھنگ موڑ تک ریلی نکالی گئی

مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 27 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 50دنوں سے کشمیری بچے اپنے گھروں میں قید ہیں، ان کو خوراک اور ادویات کے مسائل درپیش ہیں، ان کے سکول جانے پر پابندی ہے اور وہ کھیل بھی نہیں سکتے، ہندوستان کا کشمیری بچوں پر بھی بربریت کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ بات انہوں نے یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں نکالی جانیوالی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کشمیر، کشمیری عوام اور بچوں کی آزادی تک ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کادن کشمیری بچوں کیساتھ یکجہتی سے منسوب کرتے ہیں اورمطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیری بچوں کو ان کے حقوق فراہم کیے جائیں ان کو خوراک، ادویات فراہم کی جائے ان کو سکول جانے دیا جائے اور ان کو کھیلنے کی اجازت دی جائے۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور کی قیادت میں کمپری ہینسیو ہائی سکول مظفرگڑھ سے جھنگ موڑ تک ریلی نکالی گئی، ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر محمد شعیب، ڈی ایس پی عظمت اللہ نیازی، انجمن تاجران سے امیر حسن، شیخ عامر سلیم، سول سوسائٹی سے جاوید اختر، پروفیسر افتخاری ہاشمی، رانا محمد افضل، ام کلثوم سیال، راؤ عمر دراز فاروقی، ضلعی محکموں کے افسران سمیت سکول کے اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔