پنجاب حکومت مظفرگڑھ شہر کی بہتری اور ترقی کیلئے کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے،مشیر زراعت پنجاب سردار عبد الحئی دستی

مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 ستمبر2019ء) مشیر زراعت پنجاب سردار عبد الحئی دستی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت مظفرگڑھ شہر کی بہتری اور ترقی کیلئے کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے، جس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ شہر میں جاری ترقیاتی سکیموں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو ان سے ریلیف مل سکے، انہوں نے کہا کہ فیصل سٹیڈیم میں موجود گراؤنڈ کو جلد بحال کیا جائے گاتاکہ نوجوان نسل اس سے مستفید ہوسکے، انہوں نے کہا کہ فیاض پارک کی بحالی کے کام کو دن رات کام کرکے جلد مکمل کیا جائے اور یاد گار کلب کو بھی بحال کر کے شہریوں کی سہولت کیلئے کھولا جائے، یہ بات ا نہوں نے مظفرگڑھ شہر میں تحریک انصاف کی پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں، فیصل سٹیڈیم، فیاض پارک اور یاد گار کلب سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رانا محمد شعیب اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے، مشیر زراعت سردار عبدالحئی خان دستی نے کہا کہ پنجاب حکومت کا منشور ہے کہ صوبے کے تمام شہروں کو یکساں بنیادوں پر ترقی دے جائے، مظفرگڑھ شہر کی تعمیرو ترقی کے کئی منصوبے زیر تکمیل ہیں جو جلد مکمل ہوجائیں گے، انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ فیصل سٹیڈیم، فیاض پارک اور یاد گار کلب کی تعمیرو بحالی کے کاموں کو جلد مکمل کیا جائے اوران کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے اور قوم کے پیسے کو امانت سمجھ کر خرچ کیاجائے، مشیر زراعت کو بتایاگیا کہ فیصل سٹیڈیم کے گراؤنڈ میں نئی گھاس لگائی جارہی ہے اور اسے سٹیٹ آف دی آرٹ کھیل کا میدان بنایا جائے گا، اسی طرح فیاض پارک کو بھی ریس کورس پارک لاہور کی طرز پر بنایا جارہا ہے، پارک کی تعمیرو مرمت کا کام جلد مکمل ہوجائے گا، اور شہری اس سے مستفید ہوسکیں گے۔