آب پاک اتھارٹی کا قیام حکومت پنجاب کا اہم اقدام ہے،ممبر صوبائی اسمبلی نوابزادہ منصوراحمد خان

مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی نوابزادہ منصوراحمد خان نے کہا ہے کہ آب پاک اتھارٹی کا قیام حکومت پنجاب کا اہم اقدام ہے، اس سے صوبے بھر میں پینے کے پانی کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہر شہری کا حق ہے،انہوں نے کہا کہ آب پاک اتھارٹی کی طرف سے جلد ضلع مظفرگڑھ میں نئے واٹر فلٹر یشن پلانٹ لگائے جائیں گے جبکہ پہلے سے موجود غیر فعال اور بند واٹر فلٹریشن پلانٹ کو بھی فعال کیا جائے گا تاکہ عوام ان سے فائدہ اٹھائیں سکیں، یہ بات انہوں نے آج ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور کے ہمراہ ضلعی آب پاک اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں مشیر زراعت پنجاب سردار عبدالحئی خان دستی، ممبران صوبائی اسمبلی سردار عون حمید ڈوگر، نیاز احمد گشکوری، اشرف خان رند، میاں علمدار حسین قریشی نے شرکت کی، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے ممبران صوبائی اسمبلی کو پنجاب آب پاک اتھارٹی کے حوالے سے بریفنگ دی، اس موقع پر تمام ممبرانی صوبائی اسمبلی نے اجلاس میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام علاقوں میں نئے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کے ساتھ پہلے سے موجود واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فعال کیا جائے کیونکہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بندش اور غیر فعال ہونے سے عوام کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔