وزیراعظم عمران خان کا مظفرگڑھ کا مختصر دورہ

مظفر گڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 فروری2020ء) وزیراعظم عمران خان نے لیہ سے واپس آتے ہوئے مظفرگڑھ کا مختصر دورہ کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے آمد کے فوراً بعد مظفرگڑھ تا ڈیرہ غازی خان دو رویہ سڑک کا افتتاح کیا۔ مظفرگڑھ تا ڈیرہ غازی خان سڑک کی لمبائی 52.5 کلومیٹر ہے، وزیراعظم نے رجب طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ کے 250 بیڈز پر مشتمل نئے بلاک کا بھی افتتاح کیا۔بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے ہسپتال کا دورہ کیا اور واپس روانہ ہوگئے۔اس موقع پر وزیر مملکت شبیر علی قریشی، رکن قومی اسمبلی باسط سلطان بخاری بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ چیئرمین رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ خواجہ عمر فاروق ، ٹرسٹی رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ خواجہ اظہر احمد، فیصل سعید شیخ، فاؤنڈنگ چیئرمین رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ میاں محمد احسن ، چیئرمین وزیراعظم پناہ گاہ پروگرام گوہر اعجاز اور ممبرز ایڈوائزری بورڈ رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ بھی موجود تھے۔