معاشرے کی ترقی اور عوام میں شعور و آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ،ڈی سی مظفرگڑھ

مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 14 فروری2023ء) ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی اور عوام میں شعور و آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، میڈیا جہاں مسائل کی نشاندہی اور کوتاہیوں پر تنقید کرتا ہے وہاں اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت اور انتظامیہ کی طرف سے کئے جانے والے عوامی فلاح و بہبود اور اچھے کاموں کو بھی نمایاں کوریج دیں یہ بات انہوں نے الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے نمائندگان کے ساتھ ایک ملاقات میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے جن مسائل کی نشاندہی کی جاتی ہے ا س کو متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا جاتا ہے اور معاملات کو بہتر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے بہت سے مسائل ہیں صحافی برادری کی مشاورت اور معاونت سے ان کو حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، میڈیا مکمل رابطے میں رکھا جائے گا اور مسائل کو میرٹ پر حل کیا جائے گا۔

صحافیوں کی طرف سے نشاندہی کرنے پر ڈپٹی کمشنر نے کرمداد قریشی مین بند واٹر فلٹر پلانٹ کو خود معائنہ کرنے او راس کو فوری فعال کرانے کی یقین دھانی کرائی۔ شہر میں سیوریج اور تجاوزات کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے مستقل حل کیلئے لائحہ عمل بنایا جائے گا جلد ہی اس میں بہتری نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عوام کو بھی آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ صفائی کی عادت اپنائیں اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو خود صاف ستھرا رکھیں۔

 

بستی بھیما میں زیر تعمیر سٹرک کے منصوبے میں ناقص میٹریل استعمال کرنے اور چوڑائی کو کم کرنے کی نشاندہی پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ خود موقع پر جا کر منصوبے کا معائنہ کریں گے اور کہیں بھی بدعنوانی پائی گئی تو ذمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر احسان قادر جتوئی اور صدر مظفرگڑھ پریس کلب اے بی مجاہد سمیت الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی