سول سوسائٹی اور غیر سرکاری تنظیموں کی معاونت سے شہر کو سرسبزوشاداب بنایا جائے گا ، ڈی سی مظفرگڑھ

مظفرگڑہ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 14 فروری2023ء) ضلع مظفرگڑھ اور کوٹ ادو میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے فیاض پارک میں اشوک کا پودا اور ڈی پی او رضا صفدر کاظمی نے پام کا پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ضلع مظفرگڑھ میں پارکس ہارٹیکلچر اتھارٹی، جنگلات،بلدیاتی ادارے دیگر محکموں کے ساتھ ملکر شجر کاری کی جائے، سول سوسائٹی اور غیر سرکاری تنظیموں کی معاونت سے شہر کو سرسبز و شاداب بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اعداد و شمار کے بجائے عملی کام پر توجہ دی جائے،پھلدار اور سایہ دار پودے لگا کر ان کی دیکھ بھال بھی کریں۔انہوں نے کہا کہ تھوڑی سی کوشش اور توجہ سے شہر سرسبزو شاداب نظر آئے گا۔

ڈویژنل فاریسٹ آفیسر طارق سناواں نے بتایا کہ موسم بہار کی اس شجرکاری کے دوران ضلع مظفرگڑھ او رضلع کوٹ ادو میں 7 لاکھ 9 ہزار پودے لگائے جائیں گے، اس سال ماہ جون تک محکمہ جنگلات کی 453 ایکڑ اراضی پرپودے لگانے کا ہدف مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران کیکر، بیری، شیشم، سرس، نیم،جامن، اور سفیدہ کے پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کی نرسریوں پر فی پودا دوروپے جبکہ فی قلم ایک روپیہ کے حساب سے دستیاب ہے۔