مظفر گڑھ: آٹے کی فروخت منظم اور پرامن طریقے سے جاری رکھنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کی ہدابت پر ٹوکن سسٹم شروع

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی 20 فروری2023ء) ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت پر ضلع بھر میں آٹا سیل پوائنٹس پر نظم و ضبط قائم رکھنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سپورٹس گراؤنڈ میں آٹا سیل کی 3 پوائنٹس قائم کر دیئے گئے ہیں ،آٹے کی فروخت کے لیے ٹوکن سسٹم شروع کیا گیا ہے جہاں آٹے کی فروخت پُرامن اور منظم طریقہ سے جاری ہے۔

تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنران اپنی اپنی تحصیلوں میں آٹا سیل پوائنٹس کی نگرانی کررہے ہیں، نظم و ضبط قائم کرنے کیلئے پولیس کے اہلکار بھی اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ ہر سیل پوائنٹ پر آٹے کی آمد اور فروخت کو مانیٹر کیا جائے، اسسٹنٹ کمشنران اپنی اپنی تحصیلوں میں قائم فلور ملز کا معائنہ کریں، کوٹے کے مطابق گندم کی پسائی، پسائی کے مطابق میٹر ریڈنگ، آٹے کے تھیلے کاوزن، نمی کا تناسب اور معیار کو چیک کیا جائے، خلاف ورزی پر مل کے خلاف بھر پور کاروائی کی جائے۔