مظفرگڑھ ۔ سردار کوڑے خان پبلک سکول مظفرگڑھ کی گورننگ باڈی نے طاہر بشیر کو سکول کا پرنسپل منتخب کرلی

مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی. 08 اکتوبر2019ء) سردار کوڑے خان پبلک سکول مظفرگڑھ کی گورننگ باڈی نے طاہر بشیر کو سکول کا پرنسپل منتخب کرلیا ہے، ان کا انتخاب34امیدواروں میں سے کیا گیاہے۔طاہر بشیر کا تعلق لاہور سے ہے اور انہوں نے انگریزی میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے، وہ اس سے قبل سٹی سکول، بیکن ہاؤ س سکول سسٹم، لاہور لائیسیم اور ڈیفنس پبلک سکول سسٹم جیسے نامور اور مستند تعلیمی اداروں اور نظاموں میں تقریباً3دہائیوں سے پرنسپل سمیت اعلیٰ تنظیمی اور تدریسی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی، پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج فار بوائز، پرنسپل گورنمنٹ کالج فار ویمن اور صدر ڈسٹرکٹ بار و دیگر اراکین پر مشتمل انٹرویو بورڈ نے امیدواروں سے انٹرویو لیا، گورننگ باڈی نے طاہر بشیرکے وسیع تجربے کو دیکھتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ تمام تعلیمی اداروں اور نظاموں کی خوبیاں سردار کوڑے خان پبلک سکول میں یکجا کرتے ہوئے گورننگ باڈی کا اسے ضلع کو سب سے بہترین سکول بنانے کا عزم پور ا کریں گے

نئے تعینات ہونے والے پرنسپل کو سکول کے معیار تعلیم کو بلند کرنے کے ساتھ ساتھ رٹے سسٹم کے خاتمے اور نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں اساتذہ کے مسائل، خاص طور پر ایک منصفانہ سروس سٹرکچر، تربیت اور بعد از سروس مراعات کا نظام بھی متعارف کرانے کی ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں۔علاوہ ازیں سکول میں اے اور او لیول کی کلاسوں کے اجرائ کو ممکن بنانے کا کام بھی پرنسپل کو سونپا گیا۔اس حوالے سے سب سے اہم کام جو ان کے ذمہ لگایا گیا ہے کہ وہ سکول کو ٹیوشن مافیا کے شکنجے سے آزاد کروانا ہے۔اس بات کی بھی خصوصی ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران مذہبی، سماجی اور علاقائی اقدار کی مکمل پاسداری کریں گے، نئے تعینات ہونے والے پرنسپل کو سکول کے معاملات کو بہتر بنانے کیلئے فری ہینڈ دینے اور گورننگ باڈی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کروانے کی یقین دہائی کرائی گئی ہے اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔