مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی 01 نومبر2022ء) ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی طاہرہ رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان بیت المال طالبات کی دین ودنیا کی بھلا ئی کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سید کاشف سلیم کے ہمراہ ویمن ایمپاورمنٹ سنٹر کی پوزیشن ہولڈر طالبات میں سلائی مشینیں اور قران پاک تقسیم کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا ۔
انہوں نےکہا کہ سلائی مشینیں دے کر آپ کو خود مختیار بنایا جا رہا ہے اور ساتھ قران پاک سے آخرت کی تعلیم ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے کیونکہ اللہ تعالی نے فرمایا ہے کہ محنت کرنے والا اللہ تعالی کا دوست ہے لہذ ا آپ کو دل لگا کر ہنر سیکھنا چاہیے ۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید کاشف سلیم نے کہا کہ ویمن ایمپاورمنٹ سنٹرز میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بیوٹیشن اور سلائی کڑھائی کی تربیت کی کلاسز سے خواتین کو اپنا روزگار کمانے کے لیے ہنر مند بنایا جا رہا ہے اور ساتھ ہی معقول وظیفہ اور پوزیشنز ہولڈرز طالبات کو سلائی مشینوں اور بیوٹیشن اور ٹیکنالوجی کٹس بھی دی جاتی ہیں ۔