مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 14 دسمبر2022ء) مظفرگڑھ پولیس کی کامیاب کارروائی میں شعیب عرف بابا گینگ اور کانہل گینگ کے کارندے گرفتار۔پولیس ترجمان کے مطابق روہیلانوالی پولیس نے 28 مقدمات میں مطلوب شعیب عرف بابا اور کانہل گینگز کے کارندوں سے 2248800 روپے مالیت کا سامان اور نقد رقم برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے ہیں اور سامان مدعیان کے سپرد کر دیا ہے۔
ڈی ایس پی صدر سرکل رضوان احمد نے ایس ایچ او تھانہ روہیلانوالی عصمت عباس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 28 مقدمات میں مطلوب شعیب عرف بابا اور کانہل گینگ سے 22لاکھ48 ہزار 800 روپے کا سامان جس میں 16 لاکھ مالیت کی ایک ٹریکٹر ٹرالی ، 3 موٹر سائیکل اور نقدی رقم شامل تھے، اصل مالکان کے حوالے کیے گئے۔اس موقع پر ایس ڈی پی او ڈی ایس پی صدر سرکل رضوان احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ان ناسوروں کے خلاف محکمہ پولیس کے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔