مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 01 جون2019ء) ایگری فورم پاکستان کے صدر رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے لینڈ ریکارڈ سنٹرز کرپشن کا گڑھ بن چکے ہیں۔ فرد بدر، نام کی درستگی اور انتقالات بشمول وراثتی انتقالات کے اندراج میں بے جا قسم کے اعتراضات اور رشوت ستانی معمول بن چکی ہے۔ لینڈ ریکارڈ عملہ نے رشوت ستانی اور بدعنوانی میں محکمہ مال کے پٹواریوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔پٹوار کلچر ختم کرنے کے دعویداروں نے الٹا کسانوں اور عوام کو آئی ٹی کے کرپٹ روبوٹس کے گھن چکر میں پھنسا دیا ہے۔ جبکہ ایک تحصیل کی سینکڑوں مواضعات کے لئے صرف ایک سنٹر بنا دیا گیا جو بدانتظامی کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر لینڈ ریکارڈ منیجمنٹ اور اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے دورے بھی بے سود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سنٹرز سے کرپشن کب ختم کی جائے گی اور کسانوں کو لوٹنے کا سلسلہ کب ختم ہوگا، وزیر اعلی پنجاب فوری نوٹس لیں۔