مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 29 جولائی2020ء) ڈپٹی کمشنر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کے باعث عوام کو سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے ضلع کے سلاٹر ہاؤسز میں اجتماعی قربانی کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جہاں حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق پر سکون اور صاف ستھرے ماحول میں جانوروں کی قربانی کی جائے گی، یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ میں سلاٹر ہاؤ س میں انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ خواہشمند حضرات اپنے قربانی کے جانوروں کو سلاٹر ہاؤس میں پیشہ ورقصاب سے مناسب معاوضے پر اپنے جانور ذبح کراسکتے ہیں، جہاں صفائی اور پانی کا مکمل انتظام موجود ہوگا۔ انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک اور میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سلاٹر ہاؤس میں پانی اور صفائی کے نظام کو بہتر سے بہتر بنائے اور پیشہ ور قصابوں کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام کو قربانی کے جانور ذبح کرنے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مظفرگڑھ عثمان سرویا، میونسپل آفیسر التمش اورنگزیب بھی موجود تھے۔